ہاسن ، 27۳ دسمبر (ایس او نیوز) شہر کی ایک کوریئر دکان میں پارسل کےذریعہ پہنچی ہوئی مکسی میں اچانک دھماکہ ہونے سے دکان مالک شدید زخمی ہوگیا جسے علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق شہر کے کے آر پورم علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا جس کی وجہ سے خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا ۔ دھماکہ میں زخمی ہونے والے دکان مالک کا نام ششی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دو دن پہلے مکسی کا پارسل اس دکان میں موصول ہوا تھا اور اسے شہر کے ایک شخص کو پہنچانے کے لئے جب کوریئر ایجنٹ لے گیا تو متعلقہ شخص نے مکسی لینے سے یہ کہہ کر انکار کیا کہ اس نے مکسی کا آرڈر نہیں دیا تھا ۔ مکسی واپس لینے کے لئے جب اسے آن کرکے جانچنے کی کوشش کی گئی تو اس میں دھماکہ ہوا اور دکان مالک شدید طور پر زخمی ہوگیا ۔
ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہری رام نے اسپتال پہنچ کر زخمی ششی سے بات چیت کی اور ضروری معلومات حاصل کیں ۔